22 مئی 2016 - 11:23
مہدی موعود(عج) کا یوم ولادت، پورے ایران میں جشن کا ماحول + تصاویر

آج پورے ایران میں منجی عالم بشریت امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منایاجارہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق کل رات سے ہی ایران کے چپے چپے بالخصوص مذہبی مقامات پرامام مہدی (عج) کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منایاجارہا ہے۔ تہران میں اس مناسبت سے جگہ جگہ محفل میلاد کا انقعاد کیا گیا ہے اور مٹھائیاں و شربت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ سڑکوں پر سبیلیں لگی ہوئی ہیں، عمارتوں پرچراغاں کیاگیا ہے اور پورے شہر میں جشن ومسرت کا ماحول ہے ۔ ایران کے مقدس شہر قم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم اور مسجد جمکران میں اس مناسبت سے خاص پروگراموں کا انعقاد کیاگیا ہے جس میں ایران کے مختلف شہروں اور قریوں سے مومنین شرکت کے لئےآئے ہوئے ہیں۔ مشہدمقدس سے ملنے والی خبروں کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضاعلیہ السلام کے حرم مطہر میں بڑی تعداد میں زائرین موجود ہیں اور امام زمانہ کی ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پندرہ شعبان دو سوپچپن ہجری قمری میں فرزندرسول منجی عالم بشریت امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت ہوئی۔امام زمانہ حضرت امام مہدی علیہ السلام سلسلہ عصمت کی چودھویں اورسلسلہ امامت کی بارھویں کڑی ہیں آپ کے والد ماجد حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام اور والدہ ماجدہ جناب نرجس خاتون ہیں۔ آپ کے متعلق نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیشمار پیشینگوئیاں فرمائی ہیں - رسول اکرم (ص) فرماتے ہیں قائم میری اولاد میں سے ہوگا اس کا نام میرا نام ہوگا - آنحضور (ص) نے یہ بھی فرمایاہے کہ امام مہدی (عج) کا ظہورآخری زمانہ میں ہوگا ۔اورحضرت عیسی ان کے پیچھے نماز پڑھیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169